لاہور/پشاور/کراچی(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا،پنجاب اور سندھ اسمبلی میں ڈرون حملوں کے خلاف قرار داد جمع کرا دی گئی۔جمعیت علمائے اسلام نے نیٹو سپلائی روکنے اور ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی،قرارداد جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمان نے جمع کرائی۔خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت جاری ہے جس میں ڈرون حملے کے معاملے پر غورو خوض کیا جا رہا ہے۔خیبرپختونخوا اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں نیٹو سپلائی روکنے کے لئے قرارداد پیش کی جائے گی اور اسے روکنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ قرارداد کا متن اپوزیشن کی مشاورت سے بنایا جائے گا۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی جانب جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان ڈرون حملوں اور امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ڈرون حملے ملک میں انتہا پسندی، بدامنی اور دہشت گردی کے فروغ کا سبب بن رہے ہیں۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ نیٹو سپلائی روکنے اور مسئلے کو سلامتی کونسل میں اٹھانے سمیت تمام آپشنز استعمال کرے۔سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن سید حفیظ الدین نے ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد جمع کرا دی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ڈرون حملے نہ رکے تو سڑکوں پر نکل آئیں گے اور طاقت کے ذریعے نیٹو سپلائی روکیں گے۔سپکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا ڈرون حملوں پر تحریک استحقاق لا رہے ہیں۔
No comments:
Post a Comment