لاہور: (دنیا نیوز) جماعت الدعوۃ نے ڈرون حملوں کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے کئے۔ حافظ محمد سعید کہتے ہیں حملے نہ رکے تو نیٹو سپلائی بند کر دیں گے۔ قومی ایشو پر تمام جماعتیں متحد ہو جائیں۔لاہور سمیت مختلف شہروں میں مظاہروں کے دوران ڈرون حملوں کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ لاہور کے چوک چوبرجی میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ اگر امریکا خطے سے محفوظ انخلا چاہتا ہے تو ڈرون حملے روکے، حملے نہ رکے تو نیٹو کے ٹرک پاکستان سے نہیں گزر سکیں گے۔ ڈرون حملوں کیخلاف اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے باہر بھی مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ڈرون طیارے گرا کر عوامی جذبات کی ترجمانی کی جائے۔ انہوں نے حملوں کو غیر اعلانیہ جنگ قرار دیا۔ کراچی میں جماعت الدعوۃ کے کارکنوں نے ڈرون حملوں کی خلاف احتجاج کیا۔ شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف مطالبات درج تھے۔ انہوں نے حملوں کو پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ملتان کے نواں شہر چوک میں مظاہرے کے شرکاء نے ڈرون حملوں کی اجازت کا معاہدہ عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر امریکی پرچم بھی جلایا گیا۔ فیصل آباد میں ڈرون حملوں کیخلاف ریلی نکالی گئی۔ چوک گھنٹہ گھر میں مظاہرہ بھی کیا گیا۔ فیصل آباد میں جماعت الدعوہ کی جانب سے ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور گھنٹہ گھر چوک میں مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ڈروں حملے پاکستان کی سالمیت کے خلاف ہیں انہیں فوری بند کیا جائے۔ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ڈرون حملوں کیخلاف ریلی نکالی گئی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ حملوں میں معصوم شہری جاں بحق ہو رہے ہیں۔ ریلی پریس کلب پہنچ کر مظاہرے میں تبدیل ہو گئی۔ رحیم یارخان میں پولیس نے ڈرون حملوں کے خلاف جماعت الدعوۃ کی ریلی کو روک کر منتشر کرا دیا۔
No comments:
Post a Comment